یوم بحریہ: پاک بحریہ کی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت نے ہمیشہ قوم کا سر بلند کیا، صدر زرداری

اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان ایک باوقار اور سربلند قوم کی حیثیت سے 8 ستمبر کو یوم بحریہ منا رہا ہے، جبکہ پاک بحریہ کے عزم، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت نے ہمیشہ قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔

یوم بحریہ کے موقع پر ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری پیغام میں صدر مملکت نے پاک بحریہ کے تمام افسران، سیلرز اور سویلین اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ 7 اور 8 ستمبر 1965 کی درمیانی شب بھاری حفاظتی حصار میں موجود بھارتی بحری ساحلی تنصیب دوارکا کے خلاف پاک بحریہ کا جرأت مندانہ آپریشن سومناتھ بحریہ کے شاندار ماضی کی یاد دلاتا ہے۔ ان کے مطابق یہ آپریشن پاک بحریہ کی بہادری اور ثابت قدمی کا مظہر تھا اور اس نے ایک ایسی مضبوط قوت کی بنیاد رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کیا جو خود اعتمادی اور دشمن کے دل میں خوف پیدا کرنے کے غیر متزلزل عزم سے لیس تھی۔

صدر زرداری نے کہا کہ 1965 کے تاریخی واقعات کے بعد سے پاک بحریہ نے اپنی بحری سرحدوں کے دفاع کے لیے اسی جذبۂ شجاعت اور عزم کو برقرار رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران مئی 2025 میں پاک بحریہ نے اپنی آپریشنل تیاری اور پیشگی تعیناتیوں کے ذریعے دشمن کو مؤثر طور پر باز رکھا اور پاکستان کے بحری مفادات کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا۔ اس کے نتیجے میں عددی برتری رکھنے والی بھارتی بحریہ کو قابو میں رکھا گیا اور اسے پاکستان کی بحری سلامتی کے لیے خطرہ پیدا کرنے کا موقع نہیں دیا گیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازعے کے دوران بھی پاک بحریہ نے آپریشن محافظُ البحر کے ذریعے قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ پاک بحریہ نے ملک کی توانائی سلامتی اور اقتصادی شہ رگ کے تحفظ میں فوری اور نمایاں کردار ادا کرتے ہوئے ضروری سمندری ذرائع سے توانائی کی فراہمی کا تسلسل یقینی بنایا۔

انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ عصرِ حاضر کی تکنیکی ترقی سے ہم آہنگ رہتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کو جدید خطوط پر استوار کر رہی ہے۔ جدید جنگی بحری جہازوں، تزویراتی اہمیت کی حامل ہنگور کلاس آبدوزوں، جیٹ طیاروں، بغیر پائلٹ کے نظام اور مقامی طور پر تیار کردہ طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کی شمولیت اس امر کی عکاس ہے کہ پاک بحریہ ایک جدید اور مؤثر بحری قوت برقرار رکھنے کے لیے بھرپور عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔

صدر زرداری کے مطابق پاک بحریہ قومی سلامتی اور سمندری حدود کی سالمیت کے تحفظ کے ساتھ بحری سفارت کاری اور علاقائی سلامتی کے فروغ میں بھی فعال کردار ادا کر رہی ہے۔ کثیر ملکی بحری مشق ’امن‘ اور ’امن ڈائیلاگ‘ کے ذریعے پاک بحریہ ’’امن کے لیے ساتھ ساتھ‘‘ کے عنوان سے بین الاقوامی تعاون کو فروغ دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ قومی اور علاقائی ہنگامی حالات میں ایک قابلِ اعتماد ’فرسٹ رسپانڈر‘ کے طور پر انسانی امداد اور آفات سے نمٹنے کی سرگرمیوں میں بھی بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پیچیدہ بحری چیلنجز کے تناظر میں وہ مسلح افواج کی مسلسل جدید کاری اور استعدادِ کار میں اضافے کے لیے ریاست کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ انہیں پاک بحریہ پر مکمل اعتماد ہے کہ وہ اپنی اعلیٰ پیشہ ورانہ اقدار اور تکنیکی برتری کے ساتھ بہادری، وقار اور پیشہ ورانہ مہارت کے ذریعے پاکستان کے بحری مفادات کا تحفظ جاری رکھے گی۔

Comments (0)
Add Comment