یومِ بحریہ: قائم مقام صدر کا پاک بحریہ کے افسران اور اہلکاروں کو خراجِ تحسین

اسلام آباد: قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے یومِ بحریہ کے موقع پر پاک بحریہ کے افسران اور اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ملکی بحری سرحدوں، ساحلی سلامتی اور قومی مفادات کے تحفظ میں ان کے کردار کو سراہا ہے۔

اپنے پیغام میں سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ یومِ بحریہ پاک بحریہ کی جرأت، قربانیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو یاد کرنے کا موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1965ء کی جنگ کے دوران پاک بحریہ نے غیر معمولی بہادری اور حکمتِ عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملکی بحری حدود کے دفاع کے عزم کا عملی ثبوت دیا۔

قائم مقام صدر نے آپریشن سومناتھ کو پاک بحریہ کی حکمتِ عملی، جرأت اور پیشہ ورانہ مہارت کی نمایاں مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس آپریشن نے دشمن کی دفاعی صلاحیتوں کو نمایاں نقصان پہنچایا اور ملکی دفاعی تاریخ میں ایک قابلِ فخر باب رقم کیا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں کے دوران پاک بحریہ ایک جدید اور ہمہ جہت بحری قوت کے طور پر ابھری ہے جو دفاعی اور علاقائی سطح پر درپیش نئے چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی کے مطابق پاک بحریہ ملکی بحری سرحدوں کے دفاع کے ساتھ ساتھ بحری سلامتی، سمندری تجارتی راستوں کے تحفظ، عالمی امن مشنز اور قدرتی آفات کے دوران انسانی امداد میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کے دوران بھی پاک بحریہ نے ملکی ساحلی اور بحری سرحدوں کے تحفظ کے لیے بھرپور چوکسی اور تیاری برقرار رکھی۔

قائم مقام صدر نے وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک بحریہ کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے غازیوں کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے انہیں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔

سید یوسف رضا گیلانی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور علاقائی امن، استحکام اور تعاون کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، تاہم ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ پاک بحریہ اپنی پیشہ ورانہ روایات اور اعلیٰ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے پاکستان کی بحری سرحدوں کے دفاع کا عزم جاری رکھے گی۔

قائم مقام صدر نے پاک بحریہ کے تمام افسران اور اہلکاروں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے بحری محافظوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

Comments (0)
Add Comment