گنگچھے میں بجلی کی منصفانہ تقسیم، چوری کے خلاف مؤثر کارروائی کا فیصلہ

گنگچھے: ڈپٹی کمشنر گنگچھے ولی اللہ فلاحی کی زیر صدارت خپلو میں اجلاس ہوا جس میں ضلع میں بجلی کی پیداوار، منصفانہ تقسیم، بجلی چوری کی روک تھام اور بجلی کے نظام میں بہتری کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں تمام مکاتبِ فکر کے علماء کرام، محکمہ مواصلات و تعمیرات اور محکمہ برقیات کے افسران، اسسٹنٹ کمشنر خپلو ڈاکٹر وجاہت سلیم، محکمہ برقیات کے انجینئرز اور ضلع بھر کے بجلی گھروں کے انچارجز نے شرکت کی۔

اجلاس میں ضلع میں بجلی کی موجودہ پیداوار، مختلف علاقوں میں فراہمی، منصفانہ تقسیم، نظام کو درپیش مسائل، لائن لاسز اور بجلی چوری کی روک تھام سمیت صارفین کو بہتر اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی پر تفصیلی غور کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر ولی اللہ فلاحی نے ہدایت کی کہ دستیاب بجلی کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام علاقوں میں منصفانہ اور متوازن تقسیم یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے بجلی کے نظام میں موجود نقائص کی نشاندہی اور ان کے فوری تدارک کے لیے مؤثر اقدامات کرنے پر بھی زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ بجلی چوری قومی اور سرکاری وسائل کو نقصان پہنچانے کے ساتھ عام صارفین کے لیے بھی مشکلات پیدا کرتی ہے۔ محکمہ برقیات، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے بجلی چوری کی روک تھام کے لیے مشترکہ اقدامات کریں گے۔

ڈپٹی کمشنر نے علماء کرام اور عمائدینِ علاقہ پر زور دیا کہ وہ عوام میں بجلی کے قانونی استعمال، بجلی چوری سے اجتناب اور سرکاری تنصیبات کے تحفظ کے حوالے سے آگاہی پیدا کریں۔

اجلاس میں بجلی گھروں کی کارکردگی بہتر بنانے، تکنیکی مسائل کے فوری حل اور بجلی کی فراہمی کے نظام کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مختلف تجاویز بھی پیش کی گئیں۔

Comments (0)
Add Comment