ٹیسکو میں افسران کی ترقی و اپ گریڈیشن، احکامات جاری

ٹرائبل ایریا الیکٹرسٹی سپلائی کمپنی (ٹیسکو) نے سینئر سلیکشن بورڈ کی سفارشات پر افسران کی ترقی اور اپ گریڈیشن کے احکامات جاری کر دیے۔

جمشید علی اور سید مشتاق حسین کو چیف انجینئر (بی پی ایس-20)، ضمیر الدین اور علی عسکر کو سپرنٹنڈنگ انجینئر (بی پی ایس-19)، جبکہ بلال بیگ اور شباب حسین کو ایگزیکٹو انجینئر/ایکسین (بی پی ایس-18) کے عہدوں پر ترقی دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ عمران اقبال، جمال ناصر اور ڈاکٹر سجاد احمد جان کو بی پی ایس-20 جبکہ محمد ارشاد کو بی پی ایس-19 میں اپ گریڈ کیا گیا ہے۔

ٹیسکو ہیڈکوارٹرز پشاور میں منعقدہ تقریب میں افسران کو ترقی کے احکامات حوالے کیے گئے۔ اس موقع پر چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز ٹیسکو انجینئر محمد نعیم نے کہا کہ ترقیاں میرٹ اور کارکردگی کی بنیاد پر دی گئی ہیں جو شفاف اور میرٹ پر مبنی نظامِ ترقی کے لیے ٹیسکو کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔

انہوں نے ترقی اور اپ گریڈیشن پانے والے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

چیئرمین نے کہا کہ ترقی محض عہدے میں تبدیلی نہیں بلکہ ایک امانت اور اضافی ذمہ داری ہے، جس کے ساتھ اعلیٰ کارکردگی، دیانت داری اور فرض سے وابستگی کی توقع بھی وابستہ ہوتی ہے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے ماتحت عملے کے لیے مثال بنیں اور شفافیت و احتساب کی اقدار برقرار رکھیں۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹیسکو انجینئر محمد زبیر کنڈی نے ترقی پانے والے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کمپنی کی انتظامیہ ملازمین کی بروقت ترقی، استعداد کار میں اضافے اور میرٹ پر مبنی انسانی وسائل کی پالیسیوں پر مؤثر عملدرآمد کے لیے پُرعزم ہے۔

تقریب میں ٹیسکو کی سینئر انتظامیہ نے بھی شرکت کی۔ ترقی پانے والے افسران نے چیئرمین، چیف ایگزیکٹو آفیسر، بورڈ آف ڈائریکٹرز اور سینئر سلیکشن بورڈ کا اعتماد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے نئے جذبے اور لگن کے ساتھ فرائض انجام دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

Comments (0)
Add Comment