صدر زرداری کا میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کو 61ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے نشانِ حیدر حاصل کرنے والے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کو 61ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 1965 کی جنگ میں وطن کے دفاع کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرکے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نے تاریخ میں اپنا نام ہمیشہ کے لیے امر کردیا۔

صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کی عظیم قربانی وطن کی حرمت اور دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم کی روشن مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہید کی بے مثال قربانی اور غیر معمولی بہادری پوری قوم کے لیے باعث فخر اور نوجوان نسل کے لیے مشعل راہ ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اپنے شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گا، جنہوں نے ملک کی آزادی، خودمختاری اور قومی سلامتی کی مضبوط بنیاد رکھی۔

صدر مملکت نے کہا کہ قوم اپنے بہادر شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتی رہے گی اور وطن سے بے مثال محبت و وفاداری کے جذبے کو سلام پیش کرتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نے پاکستان کی سرحدوں کے دفاع کے دوران جس جرأت اور عزم کا مظاہرہ کیا، وہ آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ باعثِ تحریک رہے گا۔

صدر زرداری نے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید سمیت وطن کے دفاع اور سالمیت کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہدا کو پوری قوم کی جانب سے سلام پیش کیا۔

Comments (0)
Add Comment