گورنر راج کا مقصد عوام کو ریلیف اور امن و امان کی بہتری ہے، امیر مقام

پشاور، 12 اکتوبر: وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں عوام کو دہشت گردی اور بدامنی سے نجات دلانے، ریلیف فراہم کرنے اور امن و امان کی صورتِ حال بہتر بنانے کے لیے گورنر راج نافذ کرنے کا فیصلہ کیا۔

پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وفاقی حکومت کے پاس دو راستے تھے، یا تو صوبے کو اس کے حال پر چھوڑ دیا جاتا یا عوام کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جاتے۔ ان کے مطابق خیبرپختونخوا کے عوام گزشتہ 13 سال سے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں اور صوبے میں عوامی مسائل کے حل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے تحریک انصاف کی سابقہ صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام اس کی کارکردگی سے مطمئن نہیں تھے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ گورنر راج کے نفاذ کے بعد عوامی احتجاج کی توقعات پوری نہیں ہوئیں، بلکہ بعض مقامات پر لوگوں نے اس فیصلے پر خوشی کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں اور ریاست کی رٹ قائم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ وزیراعظم خود ایمرجنسی کے نفاذ کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایپکس کمیٹی کا اجلاس جاری ہے، جس میں دہشت گردی کے خلاف مؤثر حکمت عملی اور آئندہ اقدامات پر غور کیا جائے گا۔ انہوں نے امن و امان برقرار رکھنے اور کسی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ کے لیے سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی کوششوں کو بھی سراہا۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ نئے انتظامی سیٹ اپ کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوامی فلاح و بہبود، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور امن و امان کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کرے۔ وزیراعظم چاہتے ہیں کہ خیبرپختونخوا بھی ترقی کرے اور یہاں کے شہریوں کو ملک کے دیگر صوبوں کی طرح سہولیات میسر آئیں۔

صوبے میں مبینہ بدعنوانی کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ 13 سال کے دوران ہونے والے معاملات کا جائزہ لے کر احتساب کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ دورِ حکومت کے معاملات کی جانچ ضروری ہے۔

آمدورفت میں شہریوں کو درپیش مشکلات کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ اس معاملے پر انسپکٹر جنرل پولیس اور چیف سیکریٹری سے بات کی گئی ہے تاکہ مسائل کا ازالہ کیا جا سکے۔

پریس کانفرنس میں مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے سیکریٹری اطلاعات رحمت سلام خٹک، رکن صوبائی اسمبلی صوبیہ شاہد، سابق سینیٹر بہرامند خان اور دیگر رہنما بھی موجود تھے.

Comments (0)
Add Comment