پشاور اپ لفٹ پلان: شہری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ پشاور کو جدید شہری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور اہم اسکیموں کی نشاندہی کرکے ان کے لیے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز جاری کرنے کے اقدامات کیے جائیں۔

گورنر ہاؤس پشاور میں پشاور اپ لفٹ ڈویلپمنٹ پلان کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت کو خوبصورت، صاف ستھرا اور جدید شہر بنانے کے لیے بہتر شہری منصوبہ بندی ضروری ہے۔ انہوں نے شہر میں پارکنگ کے مناسب انتظامات یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔

اجلاس میں مشیر خزانہ طارق محمود پاشا، مشیر بلدیات آصف رفیق، چیف سیکرٹری ڈاکٹر فخر عالم عرفان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقی اسلم زیب، سیکرٹری خزانہ محمد ایاز، سیکرٹری بلدیات ظفر الاسلام، سیکرٹری مواصلات و تعمیرات ثاقب رضا اسلم اور ڈائریکٹر جنرل پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی میاں بہزاد عادل سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

گورنر کو بلدیاتی محکمے اور پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیرِ انتظام انڈر پاسز، فلائی اوورز، تھیم پارکس اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کی مختلف اسکیموں پر پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں بڈھنی نالے پر کام، مذبح خانوں، خوراک و سبزی منڈیوں اور پانی کی فراہمی کے منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔

حکام نے خیبرپختونخوا سٹیز امپروومنٹ پراجیکٹ، جنگلات، آثارِ قدیمہ، پشاور کے تاریخی حصے کی بحالی، سڑکوں اور آبپاشی کے منصوبوں پر بھی بریفنگ دی۔ سینٹ میری اسکول سے ناردرن بائی پاس تک سڑک کی توسیع اور چارسدہ روڈ پر فقیر آباد کے مقام پر فلائی اوور کی تعمیر سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئے۔

گورنر نے محکمہ جنگلات کو کاربن کریڈٹس کے حصول کے لیے جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی تاکہ شمالی اضلاع کے عوام بھی اس کے فوائد سے مستفید ہوسکیں۔

Comments (0)
Add Comment