دیہی معیشت کی مضبوطی، زرعی ترقی کے لیے گلگت بلتستان حکومت کے اہم فیصلے

گلگت: وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں صوبے میں زرعی شعبے کے فروغ، روزگار کے مواقع بڑھانے اور دیہی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام دیہی علاقوں میں مقامی برادری کے تعاون سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا اور ’’ایک گاؤں، ایک پیداوار‘‘ کے تصور کے تحت مختلف زرعی مصنوعات کی مکمل پیداواری و تجارتی زنجیر تشکیل دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دیہی عوام کا معیار زندگی بلند کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

اجلاس میں زرعی اصلاحات کے مؤثر نفاذ کے لیے ایک بااختیار اسٹیئرنگ کمیٹی کے قیام کی منظوری دی گئی، جس میں زراعت و لائیو اسٹاک، منصوبہ بندی و ترقی، خزانہ اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے محکموں کے علاوہ متعلقہ ترقیاتی اداروں کے نمائندے شامل ہوں گے۔ کمیٹی زراعت، لائیو اسٹاک، ڈیری اور پولٹری کے فروغ کے لیے ماہانہ اجلاس کرے گی۔

زرعی شعبے میں جدید اصلاحات کے لیے تین ماہ کے اندر اصلاحاتی یونٹ قائم کرنے، نوجوانوں اور کسانوں کو رعایتی قرضے اور تربیت فراہم کرنے جبکہ دیہی علاقوں میں چارے اور سائیلج کے یونٹس کے قیام کے لیے مالی و فنی معاونت دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

گندم کی کاشت کے فروغ کے لیے 30 کروڑ روپے کی لاگت سے تصدیق شدہ بیج فراہم کیے جائیں گے جبکہ غیر معیاری اور جعلی بیجوں کی فروخت روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

اجلاس میں پنجاب اور سندھ سمیت چین کے سنکیانگ اور جیانگسو خطوں اور وسطی ایشیائی ریاستوں سے جدید زرعی ٹیکنالوجی کے تبادلے کے لیے تعاون حاصل کرنے، دیہی علاقوں میں کمیونٹی نرسریاں قائم کرنے اور سرکاری و نجی شراکت داری کے تحت نئے منصوبے شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو مقامی زرعی مصنوعات کو قومی اور عالمی منڈیوں تک رسائی دینے کے لیے قابل عمل سفارشات جلد پیش کرنے کی ہدایت کی۔

Comments (0)
Add Comment