گلگت، 17 اگست: وزیر خزانہ گلگت بلتستان محمد علی اختر سے وزیر منصوبہ بندی و ترقی پیر سید جلال علی شاہ نے ملاقات کی، جس میں صوبے کی مجموعی معاشی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں اور آئندہ بجٹ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں وزرا نے گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کے لیے باہمی تعاون اور مختلف محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خزانہ اور محکمہ منصوبہ بندی و ترقی کے درمیان بہتر ہم آہنگی سے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے میں مدد ملے گی۔
وزیر خزانہ محمد علی اختر نے کہا کہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی قیادت میں تمام محکمے باہمی تعاون سے صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے کردار ادا کریں گے۔
وزیر منصوبہ بندی و ترقی پیر سید جلال علی شاہ نے کہا کہ ترقیاتی فنڈز کی شفاف تقسیم اور منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کے مؤثر استعمال اور عوام کو ان کے ثمرات جلد پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا۔