وزیراعظم کی ہدایت پر غذر میں رعایتی ایندھن کا ٹوکن نظام، 9771 پر شناختی کارڈ نمبر بھیجیں

وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر حکومت کی ایندھن ریلیف پالیسی کے تحت ضلع غذر میں شہریوں کو رعایتی ایندھن کی فراہمی کے لیے ٹوکن نظام متعارف کرا دیا گیا ہے۔ ٹوکن حاصل کرنے کے لیے شہری اپنا شناختی کارڈ نمبر ایس ایم ایس کے ذریعے 9771 پر بھیجیں گے، جس کے بعد مقررہ طریقہ کار کے تحت انہیں رعایتی ایندھن کا ٹوکن جاری کیا جائے گا۔

ٹوکن حاصل کرنے کا طریقہ کار:

1۔ اپنا شناختی کارڈ نمبر ایس ایم ایس کے ذریعے 9771 پر بھیجیں۔

2۔ ٹوکن موصول ہونے کے بعد مقررہ پٹرول پمپ سے رعایتی ایندھن حاصل کریں۔

3۔ موٹر سائیکل کے لیے ماہانہ 20 لیٹر جبکہ گاڑی کے لیے ماہانہ 30 لیٹر رعایتی ایندھن فراہم کیا جائے گا۔

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر و ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ غذر عنایت اللہ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ ضلعی افسران اور پٹرول پمپ مالکان کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق رعایتی ایندھن کی منصفانہ، شفاف اور منظم فراہمی کے طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا۔

رعایتی ایندھن کی تقسیم کی نگرانی کے لیے محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن آفیسر کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے، جو پٹرول پمپوں پر روزانہ کی بنیاد پر تقسیم کے عمل کی نگرانی کرے گی۔

شہریوں کی رہنمائی کے لیے پٹرول پمپوں پر ٹوکن کے طریقہ کار سے متعلق آگاہی بینرز بھی آویزاں کیے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ طریقہ کار پر عمل کریں، غیر ضروری رش سے گریز کریں اور رعایتی ایندھن کی منصفانہ تقسیم یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ سے تعاون کریں۔

Comments (0)
Add Comment