خیبر پختونخوا میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں، گورنر

پشاور، 17 اکتوبر: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات اختیار ولی خان نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں صوبے کی سیاسی صورتحال، امن و امان، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔ عوام کو درپیش مسائل کے حل اور بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے وفاقی اور صوبائی متعلقہ فریقوں کو مل کر کام کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں ترقیاتی عمل کو مؤثر بنانے اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے ٹھوس اقدامات ضروری ہیں۔ معاشی ترقی کے فروغ اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر مؤثر عمل درآمد کے لیے امن و امان کا قیام بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔

گورنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کو بہتر سہولیات اور ترقی کے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جانے چاہییں۔

Comments (0)
Add Comment