چار دہائیوں بعد خاندان سے رابطہ، پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے کوہ نور کو بنگلہ دیش میں اہلِ خانہ سے ملا دیا

لاہور، 17 اکتوبر: پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے پلیٹ فارم ’’میرا پیارا‘‘ کی مدد سے کوہ نور نامی خاتون کا 40 سال بعد بنگلہ دیش میں اپنے خاندان سے رابطہ بحال ہو گیا۔ اوکاڑہ کی تحصیل دیپالپور میں مقیم خاتون کئی دہائیوں سے اپنے اہلِ خانہ کی تلاش میں تھیں۔

پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق کوہ نور کا تعلق بنگلہ دیش سے ہے اور مبینہ طور پر انہیں آٹھ سال کی عمر میں اغوا کرکے پاکستان لایا گیا تھا۔ خاندان سے دوبارہ رابطے کی امید میں انہوں نے ’’میرا پیارا‘‘ پلیٹ فارم سے مدد طلب کی، جس پر ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی کی ٹیم نے تلاش کا عمل شروع کیا۔

خاتون کی تفصیلات اور ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی گئیں تاکہ عوام کی مدد سے ان کے خاندان کا سراغ لگایا جا سکے۔ اس دوران دبئی میں مقیم ایک شخص نے ویڈیو دیکھ کر سیف سٹیز حکام سے رابطہ کیا اور بنگلہ دیش میں ان کے خاندان کے متعلق اہم معلومات، رابطہ نمبرز اور شناختی دستاویزات فراہم کیں۔

حکام نے موصولہ معلومات کی تصدیق کے بعد بنگلہ دیش میں کوہ نور کے اہلِ خانہ سے رابطہ کیا۔ بعد ازاں سیف سٹیز ٹیم نے دیپالپور میں ان کی رہائش گاہ پر جا کر ویڈیو کال کے ذریعے ان کی اپنے خاندان سے بات بھی کروائی۔

پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ لاپتا بچوں، بے سہارا افراد اور اپنے خاندانوں سے بچھڑ جانے والے افراد کی تلاش میں تعاون کریں۔ مدد یا معلومات فراہم کرنے کے لیے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کرکے آپشن 3 منتخب کیا جا سکتا ہے۔

Comments (0)
Add Comment