کھرمنگ: سیکریٹری خوراک گلگت بلتستان محمد اعظم خان کے احکامات اور ڈائریکٹر جنرل خوراک گلگت بلتستان سخاوت حسین کی خصوصی ہدایات پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کھرمنگ نے فوڈ انسپکٹرز کے ہمراہ مہدی آباد مارکیٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔
دورے کے دوران مختلف دکانوں، ہوٹلوں اور کھانے پینے کے مراکز کا معائنہ کیا گیا اور اشیائے خوردونوش کے معیار، صفائی و ستھرائی، حفظانِ صحت اور خوراک کے تحفظ سے متعلق مقررہ اصول و ضوابط کا جائزہ لیا گیا۔
معائنے کے دوران غیر معیاری اشیائے خوردونوش، حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں اور دیگر بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی، جس پر متعلقہ افراد کے خلاف قانون کے مطابق ضروری کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کھرمنگ نے کہا کہ عوام کو معیاری، محفوظ اور حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق خوراک کی فراہمی محکمہ خوراک کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اس مقصد کے لیے ضلع بھر کی مارکیٹوں، دکانوں، ہوٹلوں اور کھانے پینے کے مراکز کی باقاعدہ نگرانی اور معائنوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
محکمہ خوراک گلگت بلتستان نے دکانداروں، ہوٹل مالکان اور خوراک کے کاروبار سے وابستہ افراد پر زور دیا ہے کہ وہ مقررہ قوانین و ضوابط، صفائی اور خوراک کے تحفظ کے اصولوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔