پاک چین دوستی کی 75ویں سالگرہ، آئی ایس ایس آئی میں ’’پیوٹ‘‘ میگزین کا خصوصی پلاٹینم جوبلی ایڈیشن جاری

اسلام آباد، 19 اگست 2026ء: انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز اسلام آباد کے چائنا پاکستان اسٹڈی سینٹر نے پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر ’’پیوٹ‘‘ میگزین کا خصوصی پلاٹینم جوبلی ایڈیشن جاری کردیا۔

خصوصی ایڈیشن کا عنوان ’’پاکستان چین آل ویدر پارٹنرشپ ان پیس اینڈ پروگریس ایٹ پلاٹینم جوبلی‘‘ رکھا گیا ہے، جس میں دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات، باہمی تعاون اور مستقبل کے امکانات کو اجاگر کیا گیا ہے۔

تقریب کی کلیدی مقرر پاکستان میں چین کی سابق سفیر نغمانہ ہاشمی تھیں جبکہ چین کے سفارتخانے کے منسٹر کونسلر شو ہینگ تیان مہمانِ اعزاز تھے۔ تقریب سے ڈاکٹر طاہر ممتاز اعوان، ڈاکٹر صدف جبار اور پروفیسر ہوانگ یون سونگ سمیت دیگر ماہرین نے بھی خطاب کیا۔

سفیر معین الحق نے اپنے خیرمقدمی کلمات میں پاک چین تعلقات کو غیر معمولی اعتماد، باہمی احترام اور غیر مشروط حمایت پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی شراکت داری دفاع، تجارت، سرمایہ کاری، صنعت، زراعت، سبز ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلی، صاف توانائی، صحت، تعلیم، ثقافت اور ذرائع ابلاغ سمیت متعدد شعبوں تک پھیلی ہوئی ہے۔

سفیر نغمانہ ہاشمی نے خصوصی ایڈیشن کو پاک چین تعلقات کے ارتقا اور مستقبل کی سمت کو دستاویزی شکل دینے والی جامع کاوش قرار دیا۔ انہوں نے اسٹریٹیجک ابلاغ، عوامی سفارت کاری، بہتر حکمرانی اور چین کے ترقیاتی تجربے سے استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

دیگر مقررین نے ثقافتی و تعلیمی روابط، نوجوانوں کے تبادلوں، مشترکہ تحقیق، صنعتی تعاون، سبز ترقی، صاف توانائی، زرعی ترقی اور نئی ٹیکنالوجیز میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

چینی سفارتخانے کے منسٹر کونسلر شو ہینگ تیان نے کہا کہ پاکستان میں چینی صنعتی تعاون میں مقامی پیداوار، روزگار اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے صنعتی ترقی، ڈیجیٹلائزیشن، مصنوعی ذہانت، قابل تجدید توانائی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں تعاون کے امکانات کو اجاگر کیا۔

اختتامی کلمات میں سفیر خالد محمود نے گزشتہ 75 برسوں میں قائم ہونے والی پاک چین دوستی کی مضبوط بنیادوں کو اجاگر کرتے ہوئے اقتصادی، فکری، ثقافتی اور عوامی سطح پر تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان آل ویدر اسٹریٹیجک تعاون کو نئی توانائی کے ساتھ آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Comments (0)
Add Comment