نصیرآباد، 19 اگست 2026ء: ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل کی زیر صدارت ضلعی تعلیمی کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر کے سرکاری تعلیمی اداروں کی صورتحال، اساتذہ و طلبہ کی حاضری اور موسم گرما کی تعطیلات کے بعد تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ضلعی تعلیمی افسران، محکمہ تعلیم کے دیگر افسران اور کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ افسران نے ضلع بھر کے اسکولوں میں تدریسی سرگرمیوں، اساتذہ کی حاضری، طلبہ کی حاضری، بنیادی سہولیات اور تعلیمی معیار کے حوالے سے بریفنگ دی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ تعطیلات کے بعد سرکاری اسکولوں میں تدریسی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں، تاہم بعض اداروں میں اساتذہ کی حاضری، بنیادی سہولیات اور انتظامی امور کے مسائل موجود ہیں۔
ڈپٹی کمشنر وریندر لعل نے ہدایت کی کہ تمام سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی بروقت حاضری اور تدریسی عمل کی باقاعدگی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر حاضر ملازمین کے خلاف قواعد کے مطابق کارروائی کی جائے اور ضرورت پڑنے پر تنخواہوں سے کٹوتی بھی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم معاشرے کی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے، اس لیے اسکولوں کے مسائل حل کرنے، طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے اور تعلیمی معیار بلند کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو اسکولوں کے باقاعدہ معائنے، اساتذہ و طلبہ کی حاضری کی مؤثر نگرانی اور تعلیمی سرگرمیوں میں بہتری کے لیے عملی اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نصیرآباد میں تعلیمی نظام کی بہتری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس حوالے سے غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔