اسلام آباد، 19 ستمبر: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفونک گفتگو میں علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے توانائی کی بلاتعطل فراہمی اور بحری جہازوں کی محفوظ و تیز رفتار آمدورفت یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اور عباس عراقچی کے درمیان ٹیلیفونک رابطے کے دوران تازہ علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں ممالک نے قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
نائب وزیراعظم نے بلاتعطل توانائی کی فراہمی کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ توانائی کی مسلسل فراہمی ترقی پذیر ممالک اور عالمی سپلائی چینز کے لیے انتہائی اہم ہے۔
اسحاق ڈار نے خطے میں بحری جہازوں کی محفوظ اور تیز رفتار آمدورفت یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی قابل عمل راستہ ہیں۔
دونوں وزرائے خارجہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر نیویارک میں ملاقات پر بھی اتفاق کیا۔
دریں اثنا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ملائیشیا کے وزیر خارجہ داتو سری محمد حسن سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گفتگو کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ملائیشیا کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا، جبکہ تجارت اور اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔
دونوں رہنماؤں نے برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اعلیٰ سطح کے مسلسل رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔
اس موقع پر اسحاق ڈار اور ملائیشین وزیر خارجہ نے بھی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر نیویارک میں ملاقات کرنے پر اتفاق کیا۔