سندھ حکومت کے اعلیٰ سطح کے وفد نے سینئر وزیر اور وزیر ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ و اطلاعات شرجیل انعام میمن کی قیادت میں چین کے صوبہ ہونان میں منعقدہ 2026 ہونان انٹرنیشنل فرینڈشپ سٹیز اکنامک اینڈ ٹریڈ ایکسچینج ایونٹ اینڈ کوآپریشن ڈائیلاگ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی، جہاں سندھ اور ہونان کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور باہمی تعاون کے فروغ کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
18 ستمبر کو چانگشا میں منعقدہ تقریب میں سندھ حکومت کے وفد میں وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی قاسم نوید قمر اور سندھ انٹرپرائز ڈویلپمنٹ فنڈ (SEDF) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خضر پرویز شامل تھے۔
پاکستان کے قونصل جنرل گوانگ ژو یاسر اقبال بٹ اور ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کونسلر محمد عمران بھی سندھ کے وفد کے ہمراہ تھے۔
تقریب میں دنیا کے 28 ممالک کے وزرا اور نمائندگان نے شرکت کی، جس سے ہونان صوبے کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی روابط کے فروغ میں عالمی سطح پر دلچسپی کا اظہار ہوا۔
ہونان کے گورنر ماؤ وے منگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تمام معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور غیر ملکی وفود پر زور دیا کہ ہونان اور ان کے متعلقہ صوبوں کے درمیان سسٹر پروونس تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے اس موقع پر ہونان صوبے کے رہنماؤں سے ملاقاتیں اور بات چیت کی اور سندھ و ہونان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
سندھ حکومت کے اعلیٰ سطح کے وفد کی شرکت سے دونوں صوبوں کے درمیان سرمایہ کاری کے فروغ، تجارت میں اضافے اور عوامی روابط کو وسعت دینے کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔
سندھ حکومت کی جانب سے اس شرکت کو بین الاقوامی اقتصادی شراکت داری کے فروغ اور چینی صوبوں کے ساتھ روابط مزید مستحکم کرتے ہوئے سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔