ٹیسکو کی آن لائن کچہری، بجلی صارفین کی شکایات کے فوری ازالے کے احکامات جاری

پشاور، 20 اکتوبر: وزارتِ توانائی (پاور ڈویژن) کی ہدایات پر ٹرائیبل ایریاز الیکٹرک سپلائی کمپنی (ٹیسکو) نے ضم شدہ قبائلی اضلاع کے بجلی صارفین کی شکایات سننے اور ان کے فوری ازالے کے لیے آن لائن لائیو کچہری کا انعقاد کیا۔

واپڈا ہاؤس پشاور میں منعقدہ کچہری کے دوران چیف ایگزیکٹو ٹیسکو محمد زبیر خان کنڈی اور ڈائریکٹر (سی ایم اینڈ او) نے صارفین کے مسائل براہِ راست سنے اور متعلقہ افسران کو ضروری کارروائی کے لیے فوری احکامات جاری کیے۔

کچہری میں درجنوں صارفین نے رابطہ کیا اور بجلی کے بلوں کی درستی، اقساط کی سہولت، کم وولٹیج، بجلی کے منظور شدہ لوڈ میں اضافے، خراب ٹرانسفارمرز کی تبدیلی اور بجلی کے کھمبوں کی تنصیب سے متعلق شکایات پیش کیں۔

چیف ایگزیکٹو ٹیسکو نے شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام جائز شکایات کا ترجیحی بنیادوں پر بروقت ازالہ یقینی بنایا جائے اور صارفین کو ریلیف کی فراہمی میں کسی قسم کی تاخیر نہ کی جائے۔

اس موقع پر محمد زبیر خان کنڈی نے کہا کہ صارفین کے مسائل کا فوری حل اور انہیں بہتر بجلی کی سہولیات فراہم کرنا ٹیسکو کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی فراہمی میں بہتری اور شکایات کے بروقت ازالے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیسکو انتظامیہ صارفین سے براہِ راست رابطے کو اہمیت دیتی ہے۔ آن لائن لائیو کچہری جیسے اقدامات کے ذریعے صارفین کو اپنی شکایات اعلیٰ حکام تک پہنچانے کا موقع ملتا ہے، جس سے مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کا عمل تیز اور مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔

ٹیسکو انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صارفین کو بہتر، بروقت اور مؤثر بجلی کی سہولیات فراہم کرنے اور ان کی جائز شکایات کے فوری ازالے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

Comments (0)
Add Comment