اسلام آباد پولیس پر فائرنگ، زیرِ حراست ملزم زخمی؛ شوٹر گینگ کے دو ارکان گرفتار

اسلام آباد، 20 اکتوبر: اسلام آباد پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف دو الگ کارروائیوں میں زیرِ حراست ملزم کے ساتھیوں کی فائرنگ سے ملزم کے زخمی ہونے اور ڈکیتی و راہزنی میں مبینہ طور پر ملوث شوٹر گینگ کے دو ارکان کی گرفتاری کی اطلاع دی ہے۔ پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے سات موٹر سائیکلیں، 19 قیمتی موبائل فون، نقدی اور دو پستول بمعہ گولیاں برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ انڈسٹریل ایریا کی حدود میں پولیس ٹیم زیرِ حراست ملزم ابراہیم کو اس کے انکشاف اور نشاندہی پر سامان کی برآمدگی کے لیے لے جا رہی تھی کہ راستے میں موجود اس کے ساتھیوں نے اسے چھڑوانے کی غرض سے پولیس ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔

فائرنگ کے نتیجے میں ابراہیم اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں سے زخمی ہو گیا، تاہم بلٹ پروف جیکٹس اور حفاظتی اقدامات کے باعث پولیس اہلکار محفوظ رہے۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق ابراہیم تھانہ انڈسٹریل ایریا کی حدود میں ایک خاتون سے اسلحے کے زور پر زیورات چھیننے کی واردات میں بھی مبینہ طور پر ملوث ہے۔ اس کے خلاف چوری، ڈکیتی اور راہزنی کے درجنوں مقدمات کا سابقہ ریکارڈ موجود ہے، جبکہ وہ اسلام آباد اور راولپنڈی پولیس کو بھی مطلوب تھا۔ اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

دوسری کارروائی میں تھانہ سنگجانی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی، راہزنی اور دیگر سنگین جرائم میں مبینہ طور پر ملوث شوٹر گینگ کے دو ارکان عبدالخالق اور رحمان کو گرفتار کر لیا۔

پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے سات موٹر سائیکلیں، 19 قیمتی موبائل فون، نقدی اور وارداتوں میں استعمال ہونے والے دو پستول بمعہ ایمونیشن برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ترجمان کے مطابق ملزمان نے ڈکیتی، راہزنی اور دیگر سنگین جرائم کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔ وہ شہریوں سے چھینا گیا سامان خیبر پختونخوا منتقل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزمان کو قانون کے مطابق سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے، جبکہ شہریوں کو ان کے قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Comments (0)
Add Comment