کراچی ریڈ لائن منصوبے پر کام تیز، یونیورسٹی روڈ 15 ستمبر تک مکمل موٹربل بنانے کا ہدف

کراچی: سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے کا دورہ کرکے جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ انہیں منصوبے کی پیش رفت، مختلف مقامات پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں اور تکمیل کے مراحل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ریڈ لائن منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے اور یونیورسٹی روڈ کے متعدد حصوں میں کارپٹنگ مکمل ہو چکی ہے۔ یونیورسٹی روڈ کو 15 ستمبر تک مکمل طور پر موٹربل بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ریڈ لائن کے دیگر حصوں میں پلوں اور کلورٹس کی تعمیر سمیت مختلف کام جاری ہیں، جبکہ یلو لائن منصوبے پر بھی پیش رفت ہو رہی ہے۔ سندھ حکومت کراچی کے شہریوں کو جدید اور بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے مزید اقدامات کر رہی ہے۔

صوبائی وزیر کے مطابق 500 برقی بسوں کی خریداری کے معاہدے مکمل کرکے آرڈر جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ مزید اسٹیل ڈبل ڈیکر بسوں، ٹیکسیوں، موٹر سائیکلوں اور اسکوٹروں کی فراہمی کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ حکومت صرف اعلانات تک محدود نہیں بلکہ صحت، تعلیم، توانائی، رہائش اور دیگر شعبوں میں عملی منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کو درپیش بجلی، پانی، نکاسی آب اور دیگر مسائل کے حل کے لیے وزیراعلیٰ سندھ کی نگرانی میں مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا اہم معاشی مرکز ہے اور شہر کی ترقی پورے پاکستان کی ترقی سے جڑی ہے، اس لیے کراچی کے مسائل کا حل حکومت، سیاسی جماعتوں، اداروں اور شہریوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ حکومتی کارکردگی کے ساتھ خامیوں اور عوامی مسائل کی بھی نشاندہی کرے تاکہ اصلاحی اقدامات ممکن ہوں۔

Comments (0)
Add Comment