خیبر پختونخوا میں امن کا قیام اولین ترجیح ہے، وفاق تمام وسائل فراہم کرے گا، طلال چوہدری

اسلام آباد، 22 اکتوبر: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے اور صوبے کو وفاق سے جتنے وسائل درکار ہوں گے، فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے صوبے کی تمام سیاسی قوتوں پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ متحد ہو کر کھڑی ہوں۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کو چند دنوں میں شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں، تاہم اس مقصد کے لیے سیاسی قیادت کا پختہ عزم اور واضح حکمت عملی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب سیاسی قیادت سیکیورٹی فورسز کو مؤثر تعاون اور رہنمائی فراہم نہیں کرتی یا دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں نرمی برتی جاتی ہے تو مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق آرٹیکل 232 اور 234 سے متعلق صورت حال بھی اسی طرز عمل کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا میں امن قائم کرنے کے لیے پُرعزم ہے، کیونکہ صوبے میں امن کے بغیر ملک بھر میں استحکام، معاشی ترقی اور پائیدار امن کا حصول ممکن نہیں۔

طلال چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی کے معاملے پر واضح مؤقف اختیار کرے، دہشت گردوں کی کھل کر مذمت کرے اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھی مؤثر کارروائی کی حمایت کرے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک طالبان پاکستان اور بلوچ لبریشن آرمی جیسی تنظیموں کے حوالے سے دوٹوک مؤقف اپنانے اور دہشت گردی کے خلاف متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سیاسی قوتوں سے اپیل کی کہ وہ عذر تراشی کے بجائے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہوں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ سیاسی اختلافات اور معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے، تاہم دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات اور امن کا قیام ناگزیر ہیں

Comments (0)
Add Comment