گورنر کی ہدایت پر خیبرپختونخوا میں غیر معیاری خوراک کے خلاف خصوصی مہم شروع

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی ہدایات پر صوبے بھر میں غیر معیاری گوشت، دودھ، سبزیوں، پھلوں اور روزمرہ استعمال کی دیگر اشیائے خورونوش فروخت کرنے والوں کے خلاف خصوصی مہم شروع کردی گئی ہے۔

اس سلسلے میں خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کاشف اقبال جیلانی نے فوڈ سیفٹی ٹیموں کے ہمراہ پشاور کے چارسدہ روڈ، دلازاک روڈ اور فقیر آباد میں مختلف کاروباری مراکز کے اچانک معائنے کیے۔

معائنے کے دوران سلاٹر ہاؤسز، قصائیوں کی دکانوں، دودھ کی دکانوں اور دیگر فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی۔ حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر دودھ کی ایک دکان کو وارننگ نوٹس جاری کیا گیا۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے چارسدہ روڈ پر شاہ عالم کے علاقے میں واقع سلاٹر ہاؤس کا بھی معائنہ کیا اور وہاں انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو صفائی کے معیار میں بہتری لانے، حفظانِ صحت کے تقاضے پورے کرنے اور فوڈ سیفٹی قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔

کاشف اقبال جیلانی نے گورنر کی ہدایات کے تحت صوبے بھر میں تعینات فوڈ سیفٹی ٹیموں کو غیر معیاری گوشت، دودھ، سبزیوں، پھلوں اور دیگر اشیائے خورونوش کے کاروباروں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے واضح کیا کہ خوراک کے معیار اور عوامی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ڈی جی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ خوراک کی تیاری، ذخیرہ کرنے، ترسیل اور فروخت کے تمام مراحل میں صفائی اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی پابندی یقینی بنانے کے لیے نگرانی اور معائنے کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے، تاکہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک فراہم کی جا سکے۔

معائنے میں ڈائریکٹر آپریشنز محمد یوسف اور ڈپٹی ڈائریکٹر پشاور ڈویژن ذیشان محسود بھی شامل تھے۔

Comments (0)
Add Comment