گلگت بلتستان میں کسانوں کو 14 کروڑ روپے کی لاگت سے گندم کا تصدیق شدہ بیج 50 فیصد رعایت پر فراہم کرنے کا فیصلہ

گلگت، 23 اکتوبر 2026: حکومت گلگت بلتستان نے خطے کو زرعی شعبے میں خود کفیل بنانے اور مقامی کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے 14 کروڑ روپے کی لاگت سے معیاری اور تصدیق شدہ گندم کا بیج 50 فیصد رعایت پر فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین کی خصوصی ہدایات پر ’’وزیر اعلیٰ ویژن برائے زراعت‘‘ کے تحت شروع کیے گئے اس منصوبے کے ذریعے صوبے کے تمام اضلاع کے زمینداروں کو معیاری گندم کا بیج رعایتی نرخوں پر فراہم کیا جائے گا۔

منصوبے کے تحت پنجاب سے اعلیٰ معیار کا تصدیق شدہ گندم کا بیج حاصل کرکے گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں تقسیم کیا جائے گا، جس سے مقامی کاشت کاروں کو معیاری بیج کی فراہمی اور زرعی پیداوار میں اضافے کے مواقع میسر آئیں گے۔

محکمہ زراعت، لائیو اسٹاک و فشریز گلگت بلتستان نے کسانوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے درخواستوں اور رجسٹریشن کا انتظام بھی کیا ہے۔ کاشت کار اپنے متعلقہ ضلع کے ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت کے دفتر یا ایگریکلچر آفیسر سے رابطہ کرکے رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔

حکومت کے اس اقدام کا مقصد کسانوں کے اخراجات میں کمی، معیاری زرعی بیج تک رسائی میں بہتری اور خطے میں گندم کی پیداوار بڑھانے میں مدد فراہم کرنا ہے۔

Comments (0)
Add Comment