آئی فون 20 پرو کی پہلی تفصیلات لیک، ایپل بڑے ڈیزائن اپ گریڈ کی تیاری میں

اسلام آباد: ایپل کی اگلی پرو سیریز سے متعلق ابتدائی اطلاعات سامنے آنا شروع ہوگئی ہیں، جن میں نئے آئی فون کے ڈیزائن، ڈسپلے اور فرنٹ کیمرے میں نمایاں تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایپل آئندہ سال آئی فون کی 20ویں سالگرہ کے موقع پر آئی فون 19 کے بجائے براہ راست آئی فون 20 سیریز متعارف کرا سکتا ہے۔ تاہم کمپنی کی جانب سے اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔

ابتدائی لیکس میں آئی فون 20 پرو کے لیے 6.41 انچ ڈسپلے کی نشاندہی کی گئی ہے، جبکہ آئی فون 20 پرو میکس میں 6.9 انچ کی اسکرین دیے جانے کا امکان ہے۔

نئے ماڈلز کے ڈیزائن میں بھی موجودہ آئی فونز کے مقابلے میں بڑی تبدیلی متوقع ہے۔ اطلاعات کے مطابق ایپل فلیٹ اسکرین کے بجائے بارڈر لیس کواڈ کروڈ ڈسپلے متعارف کرانے پر غور کر رہا ہے، جس سے فون کا فرنٹ ڈیزائن زیادہ مختلف نظر آئے گا۔

لیک میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ سیلفی کیمرے کے لیے موجودہ ڈائنامک آئی لینڈ کے بجائے پنچ ہول ڈیزائن استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس تبدیلی کے نتیجے میں اسکرین پر موجود کٹ آؤٹ کا انداز بھی تبدیل ہوجائے گا۔

آئی فون 20 پرو سیریز کی لانچ میں ابھی خاصا وقت باقی ہے، اس لیے سامنے آنے والی معلومات کو حتمی قرار نہیں دیا جاسکتا۔ ایپل کی جانب سے تیاری کے دوران ڈیزائن اور فیچرز میں تبدیلی کیے جانے کا امکان موجود ہے۔

Comments (0)
Add Comment