تیزی سے بدلتے اطلاعاتی ماحول کے باوجود اخبارات باخبر معاشرے کیلئے اہم ہیں، وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ تیزی سے بدلتے اطلاعاتی ماحول کے باوجود اخبارات ایک باخبر اور باشعور معاشرے کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

25 ستمبر کو منائے جانے والے قومی یوم اخبار بینی کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے اخبارات اور شعبہ صحافت سے وابستہ افراد، خصوصاً آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے ارکان اور ملک بھر کے اخبار بین افراد کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اخبارات قومی زندگی کے سیاسی، معاشی اور سماجی پہلوؤں کی عکاسی کرتے ہیں اور تاریخی طور پر عوام میں شعور اجاگر کرنے، رائے عامہ تشکیل دینے، قابل اعتماد معلومات فراہم کرنے اور مختلف نقطہ نظر تک رسائی دینے میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کے دوران اخبارات برصغیر کے مسلمانوں کی مؤثر آواز بنے اور سیاسی شعور، اتحاد اور مشترکہ مقصد کے احساس کو فروغ دینے میں نمایاں کردار ادا کیا۔

وزیراعظم کے مطابق قیام پاکستان کے بعد بھی پریس نے جمہوریت کے استحکام، شفافیت کے فروغ اور شہریوں کو ملکی و بین الاقوامی معاملات سے باخبر رکھنے میں اپنا کردار جاری رکھا۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا نے خبروں تک رسائی اور ان کے استعمال کے طریقوں کو تبدیل کردیا ہے، تاہم اخبارات کی اہمیت اور افادیت آج بھی برقرار ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایسے وقت میں جب جعلی خبریں، غلط معلومات اور گمراہ کن مواد غیر معمولی تیزی سے پھیل سکتے ہیں، قابل اعتماد صحافت، پیشہ ورانہ معیار اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مضبوط اور قابل اعتماد ادارتی نظام اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہیں کہ قارئین کو تحقیق، تصدیق اور صحافتی دیانت داری کی بنیاد پر خبریں، تجزیے اور باخبر نقطہ نظر دستیاب ہوں۔

وزیراعظم نے شہریوں خصوصاً نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ اخبارات کے مطالعے کو اپنی عادت بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اخبارات نہ صرف قارئین کو تازہ ترین واقعات سے باخبر رکھتے ہیں بلکہ حالات و واقعات کا پس منظر فراہم کرنے، علم میں وسعت، عصری معاملات کی بہتر تفہیم اور شہری ذمہ داریوں سے آگاہی میں بھی مدد دیتے ہیں۔

وزیراعظم نے ایڈیٹرز، صحافیوں، فوٹوگرافرز، پریس ورکرز اور اخبارات کے شعبے سے وابستہ تمام افراد کو قومی زندگی میں ان کی خدمات اور ذمہ دارانہ صحافت کے لیے مسلسل محنت، لگن اور وابستگی پر خراج تحسین پیش کیا۔

Comments (0)
Add Comment