نوجوان انجینئرز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کیلئے تربیتی پروگرام شروع

پاکستان انجینئرنگ کونسل اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے اشتراک سے نوجوان انجینئرز کی شخصیت سازی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے دوسرے ینگ انجینئرز پرسنالٹی ڈیولپمنٹ پروگرام کا آغاز کردیا گیا۔

نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں منعقدہ افتتاحی سیشن میں گریجویٹ انجینئرز ٹریننگ پروگرام کے دوسرے مرحلے کے پہلے بیچ کے 700 انجینئرنگ گریجویٹس شریک ہوئے۔ ان انجینئرز نے ملک کے 60 سے زائد سرکاری و نجی اداروں میں پانچ ماہ کی فیلڈ تربیت مکمل کی ہے۔

نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ فار پروفیشنل لیڈرشپ ڈیولپمنٹ سینٹر کے تحت ایک ہفتے پر مشتمل تربیتی پروگرام میں ابلاغی مہارت، قیادت، ٹیم ورک، جذباتی ذہانت، تنازعات کے انتظام اور پیشہ ورانہ اخلاقیات سمیت مختلف موضوعات پر تربیت دی جائے گی۔

چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل انجینئر وسیم نذیر نے کہا کہ یہ تربیت نوجوان انجینئرز کو فیلڈ تجربے کو مزید مؤثر بنانے اور مستقبل کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے لیے خود کو تیار کرنے میں مدد دے گی۔ انہوں نے شرکاء کو نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے سابق طلبہ بننے کے موقع پر مبارکباد دی اور تربیتی پروگرام سے بھرپور استفادے پر زور دیا۔

پاکستان انجینئرنگ کونسل نے پہلے اور دوسرے گریجویٹ انجینئرز ٹریننگ پروگرام کے لیے ڈیجیٹل قرعہ اندازی کے ذریعے مجموعی طور پر 2,300 انجینئرز کا انتخاب کیا، جبکہ ہر تربیت حاصل کرنے والے انجینئر کو فیلڈ پلیسمنٹ کے دوران 50 ہزار روپے فراہم کیے گئے۔

پہلے بیچ کے 600 گریجویٹس نے جولائی 2026 میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں اپنی تربیت مکمل کی تھی، جبکہ موجودہ بیچ ایک ہفتے کے دوران ماہرین کی زیر نگرانی لیکچرز، مباحثوں، کیس اسٹڈیز اور عملی تربیتی سرگرمیوں میں حصہ لے گا۔

Comments (0)
Add Comment