پاکستان کسٹمز کی بلوچستان میں کارروائی، 25 کروڑ روپے مالیت کا سونا ضبط

کوئٹہ، 25 ستمبر 2026: پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ نے بلوچستان میں اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 6 کلو 162 گرام سونے کے بسکٹ ضبط کرلیے جن کی مالیت تقریباً 25 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔

کسٹمز حکام کے مطابق کارروائی 21 ستمبر کو فیلڈ انفورسمنٹ یونٹ (ایف ای یو) شیلا باغ کے عملے نے فرنٹیئر کور (ایف سی) کے تعاون سے کی۔ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر علاقے میں نگرانی سخت کی گئی اور مشتبہ اسمگلنگ کی کوشش کو بروقت روک کر سونے کی کھیپ برآمد کرلی گئی۔

کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ کے مطابق بلوچستان میں اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے اہم شاہراہوں، فیلڈ انفورسمنٹ یونٹس، داخلی و خارجی راستوں اور اسمگلنگ کے حساس روٹس پر انٹیلی جنس بنیادوں پر نگرانی اور کارروائیاں جاری ہیں۔

حکام نے بتایا کہ شیلا باغ میں مؤثر نگرانی اور پاکستان کسٹمز و فرنٹیئر کور کے درمیان مربوط کارروائی کے نتیجے میں سونے کی کھیپ کو آگے منتقل ہونے سے پہلے ہی روک لیا گیا۔

ضبط کیا گیا سونا مقررہ قانونی طریقہ کار کے تحت کوئٹہ کے اسٹیٹ ویئر ہاؤس میں جمع کرا دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ نے کہا ہے کہ سرحدی اسمگلنگ کی روک تھام، قانونی تجارت کے تحفظ اور قومی خزانے کو نقصان سے بچانے کے لیے متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

Comments (0)
Add Comment