تعلیم کے ساتھ نوجوانوں کی کردار سازی بھی حکومت کی ترجیح ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر

اسلام آباد: وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت نوجوان نسل کو معیاری تعلیم اور جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی کردار سازی کو بھی ترجیح دے رہی ہے۔

یہ بات انہوں نے کریکٹر ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے بانی و ایگزیکٹو چیئرمین محمود احمد سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں پرنسپل سیکریٹری عدنان خورشید بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کریکٹر ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تعاون سے تعلیمی شعبے میں اصلاحات کو حکومت کے 100 روزہ منصوبے میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے نوجوانوں میں اخلاقی اقدار، ذمہ داری اور مثبت کردار کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پائیدار ترقی کے لیے صرف جدید تعلیم کافی نہیں بلکہ نوجوانوں کو علم، مہارت، قیادت کی صلاحیت، سماجی ذمہ داری اور قومی خدمت کے جذبے سے بھی آراستہ کرنا ضروری ہے۔

محمود احمد نے وزیراعظم کو فاؤنڈیشن کی تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں اور شہریت، قیادت اور کاروباری صلاحیتوں پر مبنی تربیتی ماڈل کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے فاؤنڈیشن کی تعلیمی اور تربیتی خدمات کو سراہا۔

آزاد کشمیر حکومت کے 100 روزہ اصلاحاتی منصوبے میں تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں اصلاحات اور عوامی مسائل کے حل کو ترجیح دی گئی ہے۔

Comments (0)
Add Comment