گورنر خیبرپختونخوا کی قیادت میں یومِ سیاہ کشمیر کی ریلی، کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی

پشاور، 27 اکتوبر: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے یومِ سیاہ کشمیر کے سلسلے میں نکالی گئی ریلی کی قیادت کی، جس میں مشیر اطلاعات ثمر بلور، مشیر تعلیم ڈاکٹر عامر عبداللہ، مشیر داخلہ کفایت اللہ، حریت رہنما داؤد خان یوسفزئی، سرکاری افسران، ملازمین اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ 27 اکتوبر کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف یومِ سیاہ منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی اور لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کو اپنی امنگوں کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جانا چاہیے۔

گورنر نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام پوری پاکستانی قوم کی طرح مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پاکستان نے دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستانی قوم امن پسند ہے اور مسئلہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا داعی ہے اور اسلام آباد سے امن کا سفر شروع کیا گیا ہے۔ امید ہے کہ یہ سفر پائیدار امن پر منتج ہوگا۔ ان کے مطابق وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکہ اور ایران کے تنازعے میں ثالثی کا کردار ادا کیا اور جب عالمی سفارت کاری مشکلات کا شکار تھی تو پاکستان نے دونوں ممالک کو مذاکرات کی میز پر لانے میں اہم کردار ادا کیا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بھارت پاکستان کو دہشت گرد ملک کے طور پر پیش کرتا رہا، لیکن حالیہ سفارتی صورتِ حال میں عالمی ذرائع ابلاغ نے پاکستان کے امن کے لیے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان نے 72 گھنٹوں کے اندر اپنی دفاعی صلاحیت کا بھرپور مظاہرہ کیا اور دفاعِ وطن کے عزم کا اظہار کیا۔

گورنر نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے اور عالمی برادری کو چاہیے کہ اس پُرامن کوشش کی حمایت کرے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان کو پُرامن راستے سے ہٹنے پر مجبور نہ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج اپنے دفاع اور ملکی خودمختاری کے تحفظ کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستانی قوم ہر مشکل، دکھ اور تکلیف میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ پاکستان کا ہر بچہ کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور ہمیشہ کھڑا رہے گا۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے امید ظاہر کی کہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام یکجا ہوں گے اور کشمیری عوام آزادی کی فضا میں سانس لے سکیں گے۔

Comments (0)
Add Comment