پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی چہرہ شناسی ٹیکنالوجی سے دس سال بعد گمشدہ شخص کی اہلِ خانہ سے ملاقات

لاہور، 28 اکتوبر: پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے اپنے ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی اور ’’میرا پیارا‘‘ پلیٹ فارم کے ذریعے دس سال قبل لاپتا ہونے والے سماعت اور گویائی سے محروم شخص عبدالقادر کے اہلِ خانہ کو تلاش کر لیا۔ چہرہ شناسی کی جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ہونے والی شناخت کے بعد خاندان کا طویل انتظار ختم ہوگیا۔

ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق عبدالقادر 2016 میں اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ کراچی کے علاقے کورنگی گیا تھا، جہاں سے وہ لاپتا ہوگیا۔ اس وقت اس کی عمر 13 سال تھی۔ سماعت اور گویائی سے محرومی کے باعث وہ اپنے گھر کا پتا یا اہلِ خانہ کے بارے میں معلومات فراہم نہیں کر سکتا تھا، جس کی وجہ سے اس کی شناخت اور خاندان کی تلاش مشکل ہوگئی۔

ترجمان کے مطابق 2019 میں خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں ایک مقامی خاندان کو عبدالقادر ملا، جس نے اسے اپنی دیکھ بھال میں لے لیا۔ بعد ازاں اس خاندان نے اس کے حقیقی اہلِ خانہ کی تلاش کے لیے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی ’’میرا پیارا‘‘ ٹیم سے رابطہ کیا۔

سیف سٹیز ٹیم نے عبدالقادر کی تصاویر اور دستیاب معلومات نظام میں درج کرکے تلاش شروع کی۔ چہرہ شناسی کے نظام نے اس کی تصویر کا گمشدہ افراد کے سابقہ ریکارڈ سے موازنہ کیا، جس کے نتیجے میں عبدالقادر ولد عبد الکبیر کا ریکارڈ سامنے آیا، جو 2016 میں کراچی کے علاقے کورنگی سے لاپتا ہوا تھا۔

ترجمان نے بتایا کہ عبدالقادر کے والد بھی اپنے گمشدہ بیٹے کی تلاش کے لیے پہلے ’’میرا پیارا‘‘ ٹیم سے رابطہ کر چکے تھے۔ ریکارڈ میں مماثلت سامنے آنے کے بعد سیف سٹیز ٹیم نے عبدالقادر اور اس کے اہلِ خانہ کے درمیان ویڈیو کال کا انتظام کیا تاکہ شناخت کی تصدیق کی جا سکے۔ ویڈیو کال کے دوران عبدالقادر نے اپنے اہلِ خانہ کو پہچان لیا، جس سے شناخت کی تصدیق ہوگئی اور دس سال بعد خاندان کا رابطہ بحال ہوگیا۔

ترجمان کے مطابق یہ کامیابی عوامی خدمت اور انسانی ہمدردی کے کاموں میں جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کی عکاس ہے۔ ’’میرا پیارا‘‘ پلیٹ فارم گمشدہ بچوں، بزرگوں اور خصوصی ضروریات کے حامل افراد کو تلاش کرکے ان کے اہلِ خانہ سے ملانے کے لیے کام کر رہا ہے۔

پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ گمشدہ یا لاوارث افراد کے بارے میں معلومات دینے کے لیے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کرکے 3 دبائیں۔ بروقت اطلاع گمشدہ افراد کی تلاش اور انہیں اپنے پیاروں سے ملانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے

Comments (0)
Add Comment