خواتین کی سہولت کے لیے اسلام آباد میں خصوصی پنک کاؤنٹرز قائم

اسلام آباد، 28 اکتوبر: اسلام آباد ٹریفک پولیس نے خواتین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام پولیس خدمت مراکز اور ٹریفک ہیڈکوارٹرز میں خصوصی پنک کاؤنٹرز قائم کر دیے ہیں، جہاں خواتین ڈرائیونگ لائسنس اور کریکٹر سرٹیفکیٹ سمیت متعلقہ خدمات بآسانی حاصل کر سکیں گی۔

چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان نے کہا کہ پنک کاؤنٹرز کے قیام کا مقصد خواتین کو محفوظ، باوقار اور خوشگوار ماحول میں سہولیات فراہم کرنا اور ان کی عزتِ نفس اور رازداری کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

ترجمان اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق پنک کاؤنٹرز پر صرف خواتین اہلکار تعینات ہوں گی، جبکہ خواتین کے معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے گا تاکہ انہیں مطلوبہ خدمات کے حصول میں آسانی ہو۔

چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان نے خواتین پر زور دیا کہ وہ پولیس خدمت مراکز کا دورہ کریں اور اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا اور انہیں محفوظ، باوقار اور معیاری سہولیات فراہم کرنا اسلام آباد ٹریفک پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے۔

Comments (0)
Add Comment