گلگت بلتستان: محکمہ خوراک کے فلور ملز کے معائنے، فورٹیفیکیشن اقدامات جاری

گلگت بلتستان محکمہ خوراک نے عوام کو معیاری، محفوظ اور غذائیت سے بھرپور آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے فلور ملز کی نگرانی اور تکنیکی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔
سیکریٹری محکمہ خوراک محمد اعظم خان کے احکامات اور ڈائریکٹر جنرل محکمہ خوراک سخاوت حسین کی ہدایات پر غذر میں ہاشیوان فلور ملز گلمیتی کا اچانک معائنہ کیا گیا۔ فوڈ انسپکٹر اعجاز نے مل میں صفائی ستھرائی، آٹے کے معیار، مشینری، ذخیرہ اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ مل انتظامیہ کو حفظانِ صحت کے اصولوں پر سختی سے عمل اور صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی۔

دوسری جانب گلگت میں جنید فلور مل کے مائیکرو فیڈر کی دوبارہ پیمائش اور ترتیب کا عمل مکمل کیا گیا۔ محکمہ خوراک کی ٹیم نے آٹے میں ضروری غذائی اجزاء کے آمیزے کی مقررہ مقدار شامل کرنے کے نظام کا جائزہ لیا اور متعلقہ عملے کو عملی تربیت بھی فراہم کی۔
محکمہ خوراک کے مطابق ان اقدامات کا مقصد آٹے کے معیار اور غذائیت میں بہتری، غذائی کمی کے مسائل کی روک تھام اور عوام کو صحت بخش آٹے کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ نگرانی، معائنہ اور تکنیکی معاونت کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا۔

Comments (0)
Add Comment