سعودی عرب کے وزیرِ ماحولیات کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات، دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال

راولپنڈی: سعودی عرب کے وزیرِ ماحولیات، پانی و زراعت انجینئر عبدالرحمن عبدالمحسن الفضلی نے جمعرات کو جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان و سعودی عرب کے درمیان تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تزویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

سعودی وزیر نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش ظاہر کی۔

ملاقات کے دوران بالخصوص زراعت اور ماحولیاتی پائیداری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔

Comments (0)
Add Comment