گلگت بلتستان میں ایجوکیشن فیلوز کی باقاعدہ حاضری یقینی بنانے کی ہدایات

گلگت: صوبائی وزیر تعلیم گلگت بلتستان امان علی عامر نے محکمہ اسکول ایجوکیشن کے تحت خدمات انجام دینے والے ایجوکیشن فیلوز کی باقاعدہ اور بروقت حاضری یقینی بنانے کے لیے ڈائریکٹر جنرل اسکولز گلگت بلتستان محمد مرتضیٰ کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔

صوبائی وزیر تعلیم نے ہدایت کی کہ یکم ستمبر 2026 سے تمام ایجوکیشن فیلوز اپنی متعلقہ تعیناتی کے اسکولوں میں باقاعدگی سے حاضری یقینی بنائیں اور تفویض کردہ ذمہ داریاں پابندیٔ وقت، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ انجام دیں۔

انہوں نے کہا کہ ایجوکیشن فیلوز کی تعیناتی کا بنیادی مقصد سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنا، تدریسی عمل کو مزید مؤثر بنانا اور طلبہ کو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

امان علی عامر نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کے لیے ضروری ہے کہ تمام ایجوکیشن فیلوز اپنی تعیناتی کے مقامات پر موجود رہتے ہوئے ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان تعلیمی معیار کی بہتری، سرکاری اسکولوں میں تدریسی سرگرمیوں کے تسلسل اور طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے گی۔

صوبائی وزیر نے متعلقہ افسران اور تدریسی عملے پر زور دیا کہ وہ دیانت داری اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں تاکہ گلگت بلتستان کے طلبہ کو بہتر تعلیمی مواقع فراہم کیے جا سکیں

Comments (0)
Add Comment