یاسین میں فلور مل کا اچانک معائنہ، آٹے کے معیار، وزن اور صفائی کا جائزہ

یاسین: محکمہ خوراک گلگت بلتستان نے عوام کو معیاری اور مقررہ وزن کے مطابق آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے یاسین کے علاقے میں قائم ایک فلور مل کا اچانک معائنہ کیا۔

سیکریٹری محکمہ خوراک گلگت بلتستان محمد اعظم خان کے احکامات اور ڈائریکٹر جنرل محکمہ خوراک گلگت بلتستان سخاوت حسین کی ہدایات کی روشنی میں محکمہ خوراک یاسین کی جانب سے فلور ملز کی نگرانی، معائنوں اور معیار کی جانچ کا عمل جاری ہے۔

اسی سلسلے میں فوڈ انسپکٹر عبدالمجید نے علاقے میں قائم فلور مل کا اچانک معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران تیار ہونے والے آٹے کے معیار، مقدار، مقررہ وزن، پیکنگ اور صفائی و حفظانِ صحت کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

فوڈ انسپکٹر نے مل کے مختلف حصوں میں صفائی کی صورتحال کا بھی معائنہ کیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ آٹے کی تیاری، پیکنگ اور ترسیل کے دوران محکمہ خوراک کے مقررہ معیار اور قواعد و ضوابط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو صاف ستھرا، معیاری اور مقررہ وزن کے مطابق آٹا فراہم کرنا محکمہ خوراک کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت، بے ضابطگی یا صارفین کے حقوق کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ معیار، وزن، صفائی یا محکمانہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی صورت میں فوڈ ایکٹ 2022 کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

Comments (0)
Add Comment