سکردو میں محکمہ خوراک کی سرگرمیاں تیز، گندم و آٹے کے ذخائر اور فوڈ سیفٹی کا جائزہ

ڈائریکٹر جنرل محکمہ خوراک گلگت بلتستان سخاوت حسین نے ضلع سکردو اور پونیال کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے گندم و آٹے کے ذخائر، ڈپو، فلور ملز، مارکیٹ کی نگرانی اور اشیائے خوردونوش کے معیار و حفظانِ صحت کے اقدامات کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران فوڈ کمپلیکس سکردو میں محکمہ خوراک کے انتظامی امور، مارکیٹ سرگرمیوں، فوڈ سیفٹی، متعلقہ قانون کے نفاذ، محصولات کے اہداف، مارکیٹ مانیٹرنگ اور محکمہ کی مجموعی کارکردگی کے بارے میں ڈائریکٹر جنرل کو بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے افسران اور فیلڈ عملے کو ہدایت کی کہ فوڈ سیفٹی قوانین پر بلاامتیاز عملدرآمد اور مارکیٹوں کی مسلسل نگرانی کو مزید مؤثر بنایا جائے۔

سخاوت حسین نے سب بلک ڈپو، ریزرو اسٹاک اور سیل ڈپو سکردو کا بھی معائنہ کیا، جہاں گندم و آٹے کے ذخائر، سرکاری ریکارڈ، ذخیرہ کرنے کے انتظامات اور ترسیلی نظام کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے گندم و آٹے کی بروقت دستیابی، ریکارڈ کی درستگی اور ترسیل کے نظام کو مزید منظم بنانے کی ہدایات جاری کیں۔

انہوں نے سکردو کی مختلف فلور ملز کا دورہ کرکے گندم کی وصولی، پسائی، آٹے کی تیاری، معیار، وزن اور روزانہ ترسیل کے نظام کا بھی معائنہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل نے واضح کیا کہ آٹے کے معیار، وزن اور صفائی کے مقررہ اصولوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

دریں اثنا تحصیل پونیال کے گلاپور اور شیر قلعہ میں محکمہ خوراک کے عملے نے مختلف تندوروں اور ہوٹلوں کا معائنہ کیا۔ اس دوران صفائی ستھرائی، باورچی خانوں کی حالت، خوراک کے معیار اور اشیائے خوردونوش کی محفوظ ذخیرہ کاری کا جائزہ لیا گیا اور کاروباری مراکز کے مالکان کو حفظانِ صحت کے اصولوں پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی۔

محکمہ خوراک کے حکام نے واضح کیا کہ متعلقہ قوانین اور ضوابط کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

دورے کے دوران ڈائریکٹر محکمہ خوراک بلتستان ڈویژن حاجی محمد اقبال، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر سکردو سید طاہر حسین اور دیگر متعلقہ افسران و اہلکار بھی موجود تھے۔

Comments (0)
Add Comment