جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ترک مسلح افواج کے یومِ فتح کی 104ویں سالگرہ کے موقع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نزیروغلو نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب کے دوران پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات، مشترکہ اقدار اور باہمی احترام کو اجاگر کیا گیا۔ شرکا نے ترک مسلح افواج کی جرأت، قربانیوں اور قومی دفاع کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ دفاعی اور تزویراتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات باہمی اعتماد اور ایک دوسرے کے لیے مسلسل حمایت کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔
تقریب میں پاک فوج کے افسران، ترک سفارتخانے کے حکام اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر ترکیہ کے عوام اور مسلح افواج کے لیے نیک تمناؤں اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا گیا۔