کوئٹہ میں پولیو مہم کی کمزور کارکردگی پر ڈپٹی کمشنر کا نوٹس، متعلقہ عملے کو وارننگ

کوئٹہ (2 نومبر): ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیرِ صدارت انسدادِ پولیو مہم کے پہلے روز کی کارکردگی اور پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف یونین کونسلز میں ویکسینیشن کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے نمائندوں، مانیٹرز اور متعلقہ عملے نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران تمام یونین کونسلز کی کارکردگی رپورٹس کا جائزہ لیا گیا جبکہ مختلف علاقوں میں مہم کی کوریج اور فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کے حوالے سے مانیٹرز سے تفصیلات طلب کی گئیں۔

ڈپٹی کمشنر نے جن علاقوں میں پولیو ٹیموں کی کارکردگی اور بچوں تک رسائی تسلی بخش نہیں تھی، وہاں سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ عملے کو وارننگ جاری کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ مہم میں غفلت، کوتاہی یا سستی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے متعلقہ افسران اور پولیو ٹیموں کو ہدایت کی کہ اگلے روز سے مہم میں مزید تیزی لائی جائے، تمام یونین کونسلز میں سو فیصد کوریج یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور نگرانی کے نظام کو مزید فعال بنایا جائے۔

مہراللہ بادینی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے اور مہم کے مقررہ اہداف حاصل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

Comments (0)
Add Comment