اے این ایف کی ملک گیر کارروائیاں، 12 ملزمان گرفتار، 91.562 کلوگرام منشیات برآمد

اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف سات کارروائیاں کرتے ہوئے 12 ملزمان کو گرفتار کرلیا اور ایک کروڑ 42 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 91.562 کلوگرام منشیات برآمد کرلی۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے مسافر کے بیگ سے 362 گرام آئس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ خانوزئی، ضلع پشین کے قریب ایک ٹرک سے 72 کلوگرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

پشاور میں یونیورسٹی روڈ کے قریب گاڑی سے 10.8 کلوگرام افیون برآمد کرکے تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ لاہور میں راوی ٹول پلازہ کے قریب گاڑی سے 5.4 کلوگرام ہیروئن برآمد کرکے تین ملزمان گرفتار کیے گئے۔

جامشورو ٹول پلازہ کے قریب گاڑی سے 1.3 کلوگرام آئس برآمد کرکے دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب ایک ملزم کے قبضے سے 1.2 کلوگرام چرس جبکہ سکھر میں ایئرپورٹ روڈ کے قریب ایک ملزم کے قبضے سے 500 گرام چرس برآمد کی گئی۔

اے این ایف کے مطابق تمام مقدمات انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

Comments (0)
Add Comment