سرکاری احکامات پر بروقت عملدرآمد بہتر حکمرانی کی بنیادی علامت ہے، چیف سیکرٹری بلوچستان

کوئٹہ، یکم اکتوبر: چیف سیکرٹری بلوچستان کی زیر صدارت صوبائی انتظامی سیکرٹریز کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی حکومت کے انتظامی، مالی، ترقیاتی اور عوامی خدمت سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، چیئرمین سی ایم آئی ٹی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی، سیکرٹری خزانہ سمیت دیگر انتظامی سیکرٹریز نے شرکت کی۔

اجلاس کے آغاز میں مختلف محکموں کو جاری کردہ ہدایات پر پیش رفت اور حکومتی فیصلوں پر عملدرآمد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ سرکاری احکامات پر بروقت اور مؤثر عملدرآمد بہتر حکمرانی کی بنیادی علامت ہے، اس لیے تمام محکمے اپنی کارکردگی، اہداف اور نتائج کے حوالے سے قابلِ تصدیق پیش رفت یقینی بنائیں۔

اجلاس میں عوامی شکایات کے ازالے کے نظام کا بھی جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات ترجیحی بنیادوں پر نمٹائی جائیں اور شکایات کے اندراج، کارروائی اور حتمی حل کا مؤثر ریکارڈ مرتب کیا جائے تاکہ عوام کو سرکاری اداروں سے بروقت اور شفاف ریلیف مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کے معاملات میں غیر ضروری تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔

اجلاس میں مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید اور شفاف نظام کے تحت بھرتیوں کے عمل کو مکمل کرنے سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ بتایا گیا کہ اس نظام کا مقصد میرٹ، مساوی مواقع اور شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔ نظام کے ذریعے امیدواروں کی اہلیت، تعلیمی قابلیت، تجربے اور دیگر مقررہ معیار کا غیر جانب دارانہ جائزہ لیا جائے گا جبکہ انسانی مداخلت کے امکانات کو کم سے کم رکھا جائے گا تاکہ کسی امیدوار کے ساتھ ناانصافی یا امتیازی سلوک کا امکان کم ہو۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ بھرتیوں کے تمام مراحل قواعد و ضوابط کے مطابق مکمل کیے جائیں اور ہر حقدار امیدوار کو اس کا جائز حق دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے بھرتیوں کے عمل میں شفافیت، میرٹ اور اعتماد کو فروغ ملے گا، عوامی شکایات میں کمی آئے گی اور صوبائی حکومت پر عوام کا اعتماد مزید مستحکم ہوگا۔

انہوں نے سرکاری گاڑیوں اور دیگر اثاثہ جات کا مکمل ریکارڈ مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں صوبائی محکموں کے زیر انتظام ڈیٹا بیسز، ان کے باہمی انضمام اور فیصلہ سازی کے لیے ڈیٹا کے مؤثر استعمال پر بھی غور کیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ جدید طرز حکمرانی کے لیے درست، بروقت اور مربوط معلومات ناگزیر ہیں، اس لیے تمام محکمے اپنا ڈیٹا اپ ڈیٹ رکھیں اور ڈیجیٹل نظام کے ذریعے شفاف اور تیز رفتار فیصلہ سازی کو فروغ دیں۔

مختلف محکموں کے زیر التوا عدالتی و قانونی مقدمات، سرکاری اکاؤنٹس کی تفویض اور خودمختار اداروں سے متعلق امور بھی اجلاس میں زیر بحث آئے۔ متعلقہ سیکرٹریز کو ہدایت کی گئی کہ قانونی معاملات میں مؤثر پیروی، سرکاری مفادات کا تحفظ اور مالیاتی نظم و ضبط ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی، شفاف انتظامیہ، میرٹ پر مبنی نظام اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے تمام انتظامی سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی میں بہتری، فیلڈ مانیٹرنگ، عوامی شکایات کے فوری ازالے اور حکومتی پالیسیوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔

Comments (0)
Add Comment