جامعہ تربت میں ایچ ای سی کی انسدادِ ہراسگی پالیسی پر آگاہی سیشن

تربت، یکم اکتوبر: جامعہ تربت کے فیمیل اسٹوڈنٹس لائژن آفس اور ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افیئرز کے زیر اہتمام ہائر ایجوکیشن کمیشن کی انسدادِ ہراسگی پالیسی پر آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد کیمپس میں طلبہ کے لیے محفوظ اور سازگار تعلیمی ماحول کو یقینی بنانا تھا۔

سیشن کے دوران شعبہ تعلیم کی چیئرپرسن اور فیمیل اسٹوڈنٹس لائژن آفس کی فوکل پرسن رقیہ میروانی نے ایچ ای سی کی انسدادِ ہراسگی پالیسی اور جامعہ تربت میں اس کے عملی نفاذ کے حوالے سے طالبات کو تفصیلی آگاہی فراہم کی۔

انہوں نے ہراسگی کی تعریف، طلبہ کے آئینی و تعلیمی حقوق، ان کی ذمہ داریوں اور شکایات درج کرانے کے باضابطہ طریقہ کار پر روشنی ڈالی۔

سیشن میں طالبات نے بھرپور شرکت کی اور پالیسی کے اطلاق، حفاظتی اقدامات اور شکایات کے طریقہ کار سے متعلق مختلف سوالات کیے۔

اس موقع پر فوکل پرسن رقیہ میروانی نے کہا کہ جامعہ تربت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی قیادت میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی انسدادِ ہراسگی پالیسی پر مکمل عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ طالبات کو پرامن، محفوظ اور باوقار تعلیمی ماحول کی فراہمی جامعہ کی اولین ترجیح ہے۔

Comments (0)
Add Comment