نوجوان تشدد نہیں، تعلیم اور ہنر کے ذریعے اپنا مستقبل سنواریں: وزیراعلیٰ بلوچستان

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ نوجوانوں اور ریاست کے درمیان موجود فاصلے کو تعلیم، ہنرمندی، روزگار، میرٹ اور بامعنی مکالمے کے ذریعے کم کیا جائے گا۔ حکومت نوجوانوں کو غیر قانونی سرگرمیوں کے بجائے قانونی معیشت کا حصہ بنانے کے لیے مواقع، وسائل، بلا سود قرضے، کاروباری معاونت اور مسلسل رہنمائی فراہم کرے گی۔

انہوں نے یہ بات جمعرات کو وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کوئٹہ میں محکمہ صنعت و تجارت حکومت بلوچستان اور بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کے زیر اہتمام حکومت بلوچستان کے فنڈڈ ریزیلینس، انٹیگریشن اینڈ سوشیو اکنامک ایمپاورمنٹ پروگرام کے تحت ضلع کیچ، گوادر، پنجگور اور خاران سے تعلق رکھنے والے فنی و پیشہ ورانہ تربیت مکمل کرنے والے گریجویٹس میں اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعلیٰ نے تربیت مکمل کرنے والی خواتین اور طالبات میں بھی اسناد تقسیم کیں۔ تقریب میں صوبائی وزراء، مشیران، پارلیمانی سیکرٹریز، اراکین صوبائی اسمبلی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، بی آر ایس پی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر طاہر رشید اور دیگر متعلقہ حکام موجود تھے۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت کا مقصد صرف نوجوانوں کو تربیت دے کر سرٹیفکیٹ دینا نہیں بلکہ انہیں اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہے۔ حکومت بلوچستان ہنر سیکھنے والے نوجوانوں کو سازگار ماحول، بلا سود قرضے، کاروباری معاونت اور مسلسل رہنمائی فراہم کرے گی تاکہ وہ اپنے علاقوں یا ملک کے کسی بھی حصے میں باعزت کاروبار شروع کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے نوجوانوں اور ریاست کے درمیان فاصلے کو کم کرنے کو اہم ترجیح بنایا ہے۔ نوجوان نسل اور ریاست کے درمیان اعتماد اور وابستگی کو مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات ضروری ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کو اس مقصد کے لیے اپنے ساتھ شامل کیا تاکہ ریاست، حکومت اور نوجوانوں کے درمیان پل کا کردار ادا کیا جاسکے اور پروگرام پر شفاف اور مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جاسکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پروگرام صرف تربیت اور سرٹیفکیٹ تک محدود نہیں بلکہ تربیت مکمل کرنے والے نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے کے قابل بنانا اس کا بنیادی مقصد ہے۔ بی آر ایس پی حکومت بلوچستان کے تعاون سے تربیت یافتہ نوجوانوں کی مسلسل رہنمائی کرے گا جبکہ نجی شعبے کی مہارت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے انہیں کاروباری سرگرمیوں کے لیے تیار کیا جائے گا۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ تربیت یافتہ نوجوان خواتین اور مرد نہ صرف خود روزگار حاصل کریں بلکہ مستقبل میں اپنے خاندانوں اور دیگر نوجوانوں کو بھی آگے بڑھنے میں مدد دیں۔

انہوں نے سرحدی اضلاع کے نوجوانوں کے لیے حکومت کے روزگار پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد غیر قانونی سرگرمیوں سے وابستہ معیشت کے بجائے نوجوانوں کو قانونی روزگار اور کاروبار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو قانونی معیشت کا حصہ بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

وزیراعلیٰ نے خواتین کی معاشی اور سماجی شمولیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی بچیوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں۔ معاشرہ حقیقی معنوں میں اس وقت ترقی کرے گا جب خواتین معاشی اور سماجی میدان میں آگے بڑھیں گی۔ انہوں نے تربیت مکمل کرنے والی خواتین اور طالبات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اپنے گھروں سے نکل کر ہنر حاصل کرنا ان کے عزم اور حوصلے کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان نوجوانوں کے لیے پروگرام کو صرف سرحدی اضلاع تک محدود نہیں رکھے گی بلکہ اسے پورے صوبے تک وسعت دی جائے گی۔ نوجوانوں اور ریاست کے درمیان فاصلے کو مکالمے، بااختیار بنانے، روزگار، ملازمتوں کے مواقع اور میرٹ کی بالادستی کے ذریعے کم کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ بلوچستان میں 15 ہزار سے زائد اساتذہ بھرتی کیے گئے ہیں اور حکومت نے میرٹ کو بنیادی اصول بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی بھرتی میں میرٹ کی خلاف ورزی ہوئی ہے تو اس کی نشاندہی کی جائے، حکومت احتساب کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف بھی بھرپور اقدامات جاری ہیں کیونکہ میرٹ اور شفافیت کے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں۔

میر سرفراز بگٹی نے جناح پیپلز ٹرین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے عوام کو 50 روپے کے کرائے میں جدید سفری سہولت فراہم کی ہے تاکہ مزدور، طلبہ، خواتین اور عام شہری باعزت انداز میں سفر کرسکیں۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ سرکاری سہولیات اور املاک کی حفاظت کریں۔

انہوں نے بتایا کہ پنک بسوں اور گرین بس سروسز کو بھی بلوچستان کے دیگر علاقوں تک وسعت دی جارہی ہے۔ تربت میں گرین بس سروس کے لیے عوامی استعمال کی شرح حوصلہ افزا ہے اور چار بسوں سے شروع ہونے والی سروس کو مزید بڑھایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو روزگار کے ساتھ اعلیٰ تعلیم کے مواقع بھی فراہم کررہی ہے اور معروف عالمی جامعات میں پی ایچ ڈی پروگرامز اور وظائف کے مواقع پیدا کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال نوجوانوں کے لیے تین ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اگر بی آر ایس پی، اخوت پاکستان اور محکمہ صنعت و تجارت اس رقم کو مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہیں تو حکومت مزید وسائل فراہم کرے گی اور پروگرام کو مزید وسعت دی جاسکے گی۔

نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ جو نوجوان تشدد کا راستہ ترک کرکے قومی دھارے میں شامل ہونا چاہتے ہیں، ان کے لیے ریاست اور حکومت کے دروازے کھلے ہیں۔ حکومت انہیں تعلیم، روزگار اور ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کریں اور تشدد کے بجائے عزت، تعلیم، ہنر اور ترقی کا راستہ اختیار کریں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان، صوبائی کابینہ اور صوبائی اسمبلی نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنانے، روزگار پیدا کرنے اور میرٹ کو یقینی بنانے کے لیے مزید اقدامات کریں گے۔ انہوں نے بی آر ایس پی سمیت تمام شراکت دار اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومتی پروگرامز کو شفاف اور مؤثر انداز میں مستحق افراد تک پہنچانے کے لیے اداروں کا باہمی تعاون ضروری ہے۔

انہوں نے چیف سیکرٹری بلوچستان کو ہدایت کی کہ نوجوانوں کے لیے مزید پروگرامز کے تصورات سامنے لائے جائیں تاکہ حکومت اپنے شراکت دار اداروں کے تعاون سے انہیں عملی جامہ پہنا سکے۔

تقریب کے اختتام پر وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے تربیت مکمل کرنے والی خواتین اور طالبات میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے اور ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔.

Comments (0)
Add Comment