لسبیلہ: اٹک سیمنٹ پاکستان لمیٹڈ نے مقامی آبادی کی فلاح و بہبود کے لیے صحت اور روزگار کے شعبوں میں اقدامات جاری رکھتے ہوئے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا، جہاں بڑی تعداد میں مریضوں کا مفت طبی معائنہ اور ادویات فراہم کی گئیں۔
اس موقع پر کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطا نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے فوجی فاؤنڈیشن اور اٹک سیمنٹ کی انتظامیہ کی جانب سے مقامی آبادی کی فلاح کے لیے اقدامات کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ اٹک سیمنٹ مقامی کمیونٹی کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے قابلِ تحسین کردار ادا کر رہا ہے۔
اس موقع پر اٹک سیمنٹ کے زیر اہتمام سلائی کڑھائی تربیتی مرکز کا بھی افتتاح کیا گیا، جہاں 20 مقامی خواتین کو ہنر کی تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ تربیت مکمل ہونے پر خواتین کو سلائی مشینیں فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ گھروں سے باعزت روزگار حاصل کرسکیں۔
تربیتی مرکز سے وابستہ خواتین نے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے انہیں ہنر سیکھنے، خود روزگار حاصل کرنے اور اپنے خاندانوں کی معاشی معاونت کا موقع ملے گا۔