حکومت بلوچستان کے احکامات پر ضلعی انتظامیہ قلات کے زیر اہتمام اسسٹنٹ کمشنر قلات اسد سمالانی کی زیر صدارت کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے اپنے مسائل پیش کیے۔
کھلی کچہری میں ایف سی کے کرنل نوید، تحصیلدار قلات حاجی عبدالغفار لہڑی، ڈی ایس پی ماہیوال، تمام متعلقہ محکموں کے سربراہان، علاقہ معززین، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور صحافیوں نے شرکت کی۔
شرکاء نے بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ، شہر میں صفائی کی صورتحال، ٹیچنگ ہسپتال میں سرد خانے کی تعمیر، گیس کی عدم فراہمی، قلات میں نجی گیس پلانٹ کی تنصیب، زاوہ ڈیم کی تعمیر میں تاخیر، بازار میں تجاوزات کے خاتمے، ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے، پولٹری فارم کی چار دیواری کی تعمیر اور مغلزئی میں واٹر ٹینک کی غیر فعالی سمیت دیگر اہم مسائل اجاگر کیے۔
اسسٹنٹ کمشنر اسد سمالانی نے شہریوں کے مسائل توجہ سے سنے اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے حل کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مؤثر رابطہ اور ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر انجینئر عائشہ زہری کی سربراہی میں علاقے کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔