نصیرآباد: عشر، آبیانہ اور زرعی انکم ٹیکس کی وصولی تیز کرنے کی ہدایت

نصیرآباد، 11 ستمبر: ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل کی زیرِ صدارت عشر، آبیانہ، زرعی انکم ٹیکس اور دیگر سرکاری واجبات کی وصولی کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں متعلقہ ریونیو افسران اور دیگر ذمہ دار افسران نے شرکت کی۔ افسران نے ضلع بھر میں عشر، آبیانہ، زرعی انکم ٹیکس اور دیگر سرکاری واجبات کی وصولی کی موجودہ صورتحال، مقررہ اہداف، اب تک کی پیش رفت اور درپیش مسائل کے بارے میں ڈپٹی کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس کے دوران مختلف علاقوں میں سرکاری واجبات کی وصولی میں حائل رکاوٹوں، بقایاجات کی تفصیلات اور وصولی کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر وریندر لعل نے کہا کہ عشر، آبیانہ، زرعی انکم ٹیکس اور دیگر تمام سرکاری واجبات کی بروقت اور مقررہ اہداف کے مطابق وصولی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے متعلقہ ریونیو افسران کو ہدایت کی کہ واجبات کی وصولی کا عمل مزید تیز کیا جائے اور بقایاجات کی وصولی کے لیے مؤثر حکمتِ عملی مرتب کرکے عملی اقدامات کیے جائیں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سرکاری محصولات کی وصولی ضلعی انتظامیہ کی اہم ذمہ داری ہے، اس لیے تمام متعلقہ افسران اپنے فرائض ذمہ داری اور سنجیدگی سے انجام دیں۔ وصولی کے عمل کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے، ریکارڈ کو اپ ڈیٹ رکھا جائے اور مقررہ اہداف کے حصول میں کسی قسم کی غفلت یا سستی کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری واجبات کی مؤثر وصولی سے حکومتی محصولات میں اضافہ ہوگا اور عوامی فلاح و بہبود سمیت ترقیاتی سرگرمیوں کے لیے دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لانے میں مدد ملے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے علاقوں میں وصولی کے عمل کو مزید منظم بناتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت کا جائزہ لیں اور درپیش مسائل سے ضلعی انتظامیہ کو بروقت آگاہ کریں تاکہ انہیں فوری طور پر حل کیا جاسکے۔

Comments (0)
Add Comment