نصیرآباد، 11 ستمبر: محکمہ صحت ضلع نصیرآباد میں بی پی ایس-01 سے بی پی ایس-15 تک مختلف آسامیوں پر بھرتی کے لیے انٹرویوز کا دوسرا روز مکمل ہوگیا۔
انٹرویوز ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر آفس نصیرآباد میں منعقد ہوئے، جہاں امیدواروں کی تعلیمی قابلیت، اہلیت، تجربے اور دیگر مقررہ معیار کے مطابق جانچ پڑتال کی گئی۔
انٹرویو پینل میں ڈپٹی کمشنر نصیرآباد بطور چیئرمین جبکہ محکمہ صحت کے متعلقہ افسران اور دیگر پینل ممبران شامل تھے۔ مختلف آسامیوں کے لیے بڑی تعداد میں امیدواروں نے شرکت کی، جن میں ویکسینیٹرز، ملیریا سپروائزرز، لیڈی ہیلتھ وزٹرز، نرسنگ اردلی اور دیگر متعلقہ آسامیوں کے امیدوار شامل تھے۔
امیدواروں کے انٹرویوز مقررہ قواعد و ضوابط اور شفاف طریقہ کار کے تحت لیے گئے۔ پینل ممبران نے امیدواروں سے ان کی تعلیمی قابلیت، متعلقہ شعبے میں تجربے، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور ملازمت سے متعلق ضروری معلومات کے بارے میں سوالات کیے۔
ڈپٹی کمشنر وریندر لعل نے انٹرویوز کے عمل کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ بھرتی کا تمام عمل میرٹ، شفافیت اور مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ اہل اور مستحق امیدواروں کا انتخاب یقینی بنایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری آسامیوں پر بھرتی کے عمل میں میرٹ اور شفافیت کو ہر صورت مقدم رکھا جائے گا۔ امیدواروں کو بھی ہدایت کی گئی کہ وہ مقررہ طریقہ کار پر عملدرآمد اور ضروری دستاویزات کی تکمیل یقینی بنائیں۔