ہوٹلوں میں صفائی اور پٹرول پمپس پر درست پیمائش کی جانچ

لورالائی، 13 اکتوبر: ڈپٹی کمشنر لورالائی محمد حسیب شجاع کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر احمد زیب کاکڑ نے شہر میں مختلف منی پٹرول پمپس اور ہوٹلوں کا معائنہ کیا۔ پیمائش میں بے ضابطگی سامنے آنے پر ایک منی پٹرول پمپ سیل کر دیا گیا۔

دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے ہوٹلوں میں کھانے پینے کی اشیاء کے معیار، باورچی خانوں کی صفائی ستھرائی اور خوراک ذخیرہ کرنے کے انتظامات کا جائزہ لیا تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور معیاری کھانا فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے مختلف منی پٹرول پمپس پر پیمائش بھی چیک کی تاکہ صارفین کو مقررہ مقدار کے مطابق پٹرول کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

اسسٹنٹ کمشنر احمد زیب کاکڑ نے واضح کیا کہ عوام کو معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی، صفائی کے معیار اور پٹرول پمپس پر درست پیمائش یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

ضلعی انتظامیہ نے عوامی مفاد، صحتِ عامہ اور صارفین کے حقوق کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔

Comments (0)
Add Comment