سیوی ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی سخت کرنے کا فیصلہ

سیوی، 13 اکتوبر: کمشنر سیوی ڈویژن عرفان اللہ خان کی زیر صدارت محکمہ کمیونیکیشن ورکس، فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ کی کارکردگی اور جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ افسران نے منصوبوں پر پیش رفت اور تعمیراتی کاموں کے بارے میں بریفنگ دی۔

اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ، بلڈنگز اور روڈز کے متعلقہ ایگزیکٹو انجینئرز اور سب ڈویژنل افسران نے شرکت کی۔

کمشنر عرفان اللہ خان نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں اور تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ منصوبوں کی تکمیل منظور شدہ ڈیزائن، تکنیکی اصولوں اور مقررہ معیار کے مطابق یقینی بنائی جائے تاکہ سرکاری وسائل کا مؤثر استعمال اور عوام کو معیاری سہولیات کی فراہمی ممکن ہو۔

انہوں نے تعمیراتی کاموں میں استعمال ہونے والے میٹریل کی کوالٹی جانچنے کے لیے ہر مرحلے پر باقاعدہ ٹیسٹنگ یقینی بنانے کی ہدایت کی، تاکہ ناقص مواد کے استعمال کی روک تھام اور منصوبوں کی پائیداری برقرار رکھی جا سکے۔

کمشنر نے متعلقہ افسران کو منصوبوں کی مسلسل نگرانی کرنے، فیلڈ میں کام کی رفتار اور معیار کا جائزہ لینے اور مقررہ مدت میں تکمیل کے لیے مؤثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے تاکہ ان کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں

Comments (0)
Add Comment