عوام کو آٹے کی قیمتوں میں ریلیف دینے کے لیے انتظامیہ اور فلور ملز میں مشاورت

کوئٹہ، 13 اکتوبر: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) محمد انور کاکڑ کی زیر صدارت آٹے کی حالیہ قیمتوں کا جائزہ لینے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں فلور ملز ایسوسی ایشن، مختلف فلور ملز کے مالکان اور محکمہ خوراک و محکمہ صنعت کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں ملک بھر میں آٹے کی موجودہ قیمتوں، ان میں اضافے کے عوامل اور عوام کو مناسب نرخوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ آٹے کی قیمتوں میں استحکام اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور مؤثر حکمت عملی کے تحت اقدامات کریں۔

اس موقع پر فلور ملز ایسوسی ایشن اور ملز مالکان نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ متعلقہ محکموں اور فلور ملز کے اشتراک سے کوئٹہ کے شہریوں کو آٹے کی قیمتوں میں ریلیف فراہم کرنے کے لیے جلد عملی اقدامات کیے جائیں گے

Comments (0)
Add Comment