انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پولیس فورس کو عزم، تندہی، پیشہ ورانہ صلاحیت اور دلیری کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی۔
انہوں نے پشین کے دورے کے دوران پولیس افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس افسران اور اہلکار عوام کے محافظ ہیں، اس لیے ان پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے فرائض قومی و عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ ایمانداری اور فرض شناسی سے انجام دیں۔
دورے کے موقع پر آئی جی پولیس کو ضلع پشین کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، امن و امان، پولیس کی کارکردگی، دستیاب وسائل اور حالیہ بھرتی ہونے والے پولیس جوانوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
محمد طاہر نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ صوبے کی روایات اور اقدار کو مدنظر رکھتے ہوئے شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اپنی اولین ترجیح بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کا رشتہ امن کے قیام کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے، اس لیے اہلکار شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، احترام اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پولیس کو دہشت گردی اور جرائم کے خلاف مؤثر کارروائیوں کے ساتھ جدید تقاضوں کے مطابق اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بھی اضافہ کرنا ہوگا۔
آئی جی پولیس نے کہا کہ بلوچستان پولیس دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائی، جرائم کے سدباب اور صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔
انہوں نے محدود وسائل اور مشکل حالات کے باوجود امن و امان اور عوام کے تحفظ کے لیے پولیس افسران و جوانوں کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ فورس کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافے اور اہلکاروں کو درکار سہولیات کی فراہمی پر بھی توجہ دی جائے گی۔
نئے بھرتی ہونے والے پولیس جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی نے کہا کہ وہ تربیت پر بھرپور توجہ دیں اور نظم و ضبط، قانون کی پاسداری، پیشہ ورانہ مہارت اور عوامی خدمت کو اپنی عملی زندگی کا بنیادی اصول بنائیں۔
انہوں نے پولیس افسران و جوانوں کو ہدایت کی کہ فرائض کی ادائیگی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی نہ برتی جائے اور مشکل حالات میں حوصلے، صبر اور بہادری کا مظاہرہ کیا جائے۔